اسلام آباد، وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو سابق وزیراعظم عمران خان سے بچ کر رہنے کی تنبیہ کردی۔
خواجہ آصف نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان، محمود اچکزئی کے ذریعے بات چیت اس لیے کرنا چاہتے ہیں تا کہ وہ کل کو انکاری ہوسکیں کہ میں نے تو بات ہی نہیں کی، بات تو محمود اچکزئی کررہے تھے۔
وزیر دفاع نے محمود اچکزئی کو متنبہ کیا کہ سابق وزیراعظم سے بچ کر رہنا، وہ تو مُکر جائیں گے اور آپ کی ساری عمر کی ساکھ مٹی میں مل جائے گی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر 9 مئی فالس فلیگ تھا تو عمران خان اب اسٹیبلشمنٹ سے کیوں بات کرنا چاہتے ہیں؟ ان کے دماغ میں تضادات کی آندھی چلی ہوئی ہے، وہ کسی بات پر کھڑے ہوں تو استحکام آئے، بانی پی ٹی آئی نے اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنی ہے یا ان کی مخالفت کرنی ہے، دونوں صورتوں میں وہ اپنی پوزیشن واضح کریں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے سیاسی قیادت سے مذاکرات کے لیے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو مکمل اختیارات دیے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف سے بالواسطہ بات چیت کیلئے ن لیگ، محمود خان اچکزئی سے رابطے میں ہے۔