رہنما جے یو آئی (ف) حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت وقت کا حصہ بننا آ بیل مجھے مار کی مانند ہے۔
جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ حکومت کا حصہ بننا آ بیل مجھے مار کی مانند ہے جو سیاسی موت کے سوا کچھ نہیں ہے۔
اپنے ایک بیان میں رہنما جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اپوزیشن کا حصہ ہے اور اپوزیشن میں ہی رہے گی، حکومت کی حمایت کرنا یا حصہ بننا ہماری مجبوری نہیں۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پر عوام کا اعتماد نہیں سب جانتے ہیں حکومت کو کون چلا رہا ہے، رہنما جے یو آئی (ف) نے کہا کہ پارلیمنٹ خود مختار حیثیت کھو چکی ہے۔
حافظ حمد اللہ کا یہ کہنا تھا کہ جے یو آئی کی جدوجہد ایک خود مختار پارلیمنٹ کے لیے ہے، جے یو آئی (ف) طاقت نہیں عوامی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کے دوران سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ اس طرح منشیات فروشوں کو نہیں پکڑا جاتا جس طرح پارلیمنٹ سے ایم این ایز کو پکڑا گیا، 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن کی بات پر قائم ہوں آپ کو پتہ لگ جائے گا یہ میثاق جمہوریت کرنے جا رہے ہیں، پاکستان میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 50 ارب روپے کا بجلی پر مزید ٹیکہ لگا دیا ہے، مردوں کو اور مار رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا یہ کہنا تھا کہ ملک تباہ و برباد ہوگیا ہے، غریب زندہ مر گیا ہے، تعلیم کا یہ حال ہے کہ جہاں 3 ہزار بچیاں پڑھتی تھیں اب وہاں 3 سو بچیاں پڑھتی ہیں، یہ نالائق و نکھٹو ہیں، اداروں کو جس طرح بدنام کیا جا رہا ہے وہ افسوسناک ہے۔