بھارت ایک چالاک اور بزدل دشمن ہے ، عطاتارڑ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

اسلام آباد،وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت ایک چالاک اور بزدل دشمن ہے، جو صرف طاقت سے ڈرتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اب دفاعی اور سفارتی محاذ پر شکست کا سامنا ہے۔

نجی نیوز ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالات میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، مگر پاکستانی فوج چوکنی ہے اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر خود بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ اگر بھارت نے پاکستان کی طرف ہاتھ بڑھایا، تو ہم وہ ہاتھ توڑ دیں گے۔

عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ حکومت مختلف ممالک میں وفود بھیج رہی ہے جو اپنے ساتھ ثبوت لے کر جائیں گے تاکہ بھارت کی دہشتگردانہ سرگرمیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔

آل پارٹیز کانفرنس کے بارے میں سوال پر انہوں نے وضاحت کی کہ اے پی سی نہیں بلائی جا رہی، بلکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔

دوسری جانب و زیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے خطرہ ابھی بھی موجود ہے، تاہم عالمی طاقتیں پاک-بھارت کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت جانتا ہے کہ اگر اس نے کوئی حرکت کی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا،انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، تاکہ عالمی سطح پر پاکستان پر الزام تراشی نہ ہو۔

 

شیئر کریں:
frontpage hit counter