جمعہ, 25 اپریل , 2025

آئینی عدالت کا مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرنا اور قاضی فائز عیسیٰ کو وہاں بٹھانا ہے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ اگلے چیف جسٹس آف پاکستان کا فوری اعلان کیا جائے۔ انہوں نے جسٹس منصور علی شاہ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عدلیہ کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔

عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں جو کچھ ہو رہا ہے، سب کو معلوم ہو چکا ہے کہ یہ کیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سب گینگ آف تھری کو توسیع دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ملک کا بیڑا غرق تو پہلے ہی کر چکے ہیں، اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔

latest urdu news

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے الزام لگایا کہ گینگ آف تھری کی توسیع کی وجہ سے پورا ملک خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ "فیصلے پہلے سے لکھے ہوئے آتے ہیں، اور ججز انہیں بس پڑھ کر سنا دیتے ہیں۔” عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز ان کے تابع ہو جائیں، اور ہائی کورٹ کے ججز پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "الیکشن فراڈ کو چھپانے کے
لیےحکومت کو اپنے ججز درکار ہیں۔” عمران خان کا کہنا تھا کہ8 فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ قرار دیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 9 مئی واقعات میںآگ انہوں نے لگائی، جواب دیں کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کہاں گئیں؟ عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "یہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کسی بھی طرح اوپر نہ آئے، ہمیں جلسے کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔” انہوں نے سوال اٹھایا کہ "کیا کبھی گرمیوں کا جلسہ شام 6 بجے ختم ہوتا ہے؟ ساری قوم کو معلوم ہے کہ کیا ہو رہا ہے۔”

سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ "سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے۔” انہوں نے الزام لگایا کہ "چیف الیکشن کمشنر کو معلوم ہے کہ ان پر آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے، اسی لیے وہ الیکشن فراڈ کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔”

عمران خان نے کہا کہ "تھرڈ امپائر سب کچھ کنٹرول کر رہا ہے اور وہ ان کی ٹیم کا کپتان ہے۔” ان کا دعویٰ تھا کہ "ان کا مقصد یہ ہے کہ فراڈ بے نقاب نہ ہو اور پی ٹی آئی اوپر نہ آئے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "پی ٹی آئی کے ڈر سے سپریم کورٹ اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔”

سابق وزیر اعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ اگر راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو وہ احتجاج کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا فوری اعلان کیا جائے اور کہا کہ "ہم جسٹس منصور علی شاہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔”

عمران خان نے کہا کہ "اس وقت یحیی خان پارٹ ٹو حکومت کر رہا ہے۔ مشرقی پاکستان کے لوگ پاکستان چھوڑنا نہیں چاہتے تھے، بلکہ وہ اپنے حقوق چاہتے تھے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "طاقت کا استعمال کر کے انہیں علیحدگی کی جانب دھکیل دیا گیا، اور یحیی خان نے اپنی طاقت کے لیے جیتی ہوئی جماعت کو اقتدار نہیں دیا۔”

عمران خان نے کہا کہ "آئینی عدالت کا بنیادی مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی طاقت کو ختم کرنا ہے۔” یہ بیان انہوں نے عدلیہ کے حوالے سے حکومت کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے دیا۔

News Alert Urdu

شیئر کریں:
frontpage hit counter