ذوالفقار جونیئر کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے اور میر مرتضیٰ بھٹو کے صاحبزادے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی کا باقاعدہ آغاز فاطمہ بھٹو کی لندن سے واپسی پر کیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار جونیئر کا کہنا تھا کہ مختلف اہم شخصیات سے رابطے ہو رہے ہیں اور جلد ہی پارٹی کے خدوخال عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے پر وہ خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے دورہ بھی کریں گے۔

latest urdu news

ذوالفقار جونیئر نے اپنے سیاسی مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دریائے سندھ اور علاقائی خودمختاری کے اصولوں پر کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کو بھی اس حقیقت کو سمجھنا چاہیے کہ دریائے سندھ میں پانی ہوگا تو ان کے گھروں میں آٹا پہنچے گا۔

یاد رہے کہ فاطمہ بھٹو دو سال قبل کراچی میں اپنے آبائی گھر "70 کلفٹن” میں ایک سادہ تقریب میں امریکی نژاد گراہم بیرا (عرف جبران) سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں تھیں۔ فاطمہ بھٹو نے اس موقع پر بتایا تھا کہ ان کی شادی اگرچہ سادگی سے ہوئی، تاہم روایتی رسومات ادا کی گئیں، اور ان کے بھائی ذوالفقار جونیئر نے انھیں ان کی دادی نصرت بھٹو کا امام ضامن باندھا تھا۔

ان کا نکاح ان کے دادا ذوالفقار علی بھٹو کی ذاتی لائبریری میں منعقد ہوا تھا، جسے فاطمہ بھٹو نے اپنی پسندیدہ ترین جگہ قرار دیا تھا۔

ذوالفقار جونیئر کی جانب سے نئی جماعت کے اعلان کو سیاسی تجزیہ کار اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک کی سیاست میں روایتی جماعتوں سے ہٹ کر نئی آوازوں کی گنجائش دیکھی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter