بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ ریاست بلوچستان میں خونریزی، بدامنی اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف فیصلہ کن اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی اور پاکستان کی وحدت، ترقی اور عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

latest urdu news

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آپریشن ردّ الفتنہ دراصل ان تمام قوتوں کے لیے ایک واضح اور دوٹوک پیغام ہے جو بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست اب کسی بھی قسم کی فتنہ انگیزی، دہشتگردی یا تخریبی سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گی۔

میر سرفراز بگٹی نے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو کھلے الفاظ میں فتنہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ معصوم شہریوں، مزدوروں اور عام لوگوں کو نشانہ بنا کر نہ صرف انسانی جانوں سے کھیل رہا ہے بلکہ بیرونی ایجنڈے کے تحت پاکستان کی ترقی اور استحکام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی ایل اے بھارت کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے بلوچستان میں خوف اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان اپنی سالمیت، قومی وحدت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ انگیز عناصر کی ہر کوشش کا مؤثر، سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، چاہے اس کے لیے کسی بھی حد تک جانا پڑے۔

بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف بڑا آپریشن مکمل، 133 دہشت گرد ہلاک

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ریاست ہے اور قوم متحد ہے، یہی اتحاد اور یکجہتی دہشتگردی کے خلاف سب سے بڑی قوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کوئی بھی پاکستان کے خلاف ہاتھ اٹھائے گا، قانون کے مطابق اس ہاتھ کو پوری ریاستی طاقت سے توڑا جائے گا۔

انہوں نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور جانفشانی کی بدولت بلوچستان میں امن کی بحالی ممکن ہو رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور امن دشمن عناصر کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے بیان کو حالیہ سکیورٹی آپریشنز کے تناظر میں ایک مضبوط سیاسی اور ریاستی پیغام قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد یہ باور کرانا ہے کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والوں کے لیے اب کوئی جگہ نہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter