والد کی تدفین کیلئے سعودیہ سے آیا نوجوان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے موبائل چھیننے پر مزاحمت کرنے والے سعودی پلٹ نوجوان کو گولی مار کر قتل کر دیا، جبران حال ہی میں والد کے انتقال پر واپس آیا تھا۔

کراچی، شہرِ قائد میں اسٹریٹ کرائم کی ایک اور دلخراش واردات نے ایک اور خاندان کو سوگوار کر دیا۔ اورنگی ٹاؤن ایک نمبر کے قریب ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے سعودی عرب پلٹ 24 سالہ نوجوان جبران ولد جمعہ کو قتل کر دیا۔

latest urdu news

یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب جبران اپنے علاقے میں موجود تھا اور دو مسلح ملزمان نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔ جبران نے مزاحمت کی، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جبران کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ جبران حال ہی میں سعودی عرب سے واپس آیا تھا، جہاں وہ اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لیے محنت مزدوری کرتا تھا۔ علاقے کے مکینوں کے مطابق جبران کے والد چند دن قبل انتقال کر گئے تھے، جس کے باعث وہ پاکستان واپس آیا تھا۔

جبران کی ناگہانی موت پر اہلِ علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں نے حکومت اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کا مؤثر حل نکالا جائے۔

یاد رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے باعث سالانہ درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس خطرناک رجحان کو روکنے میں اب تک مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکے۔ جبران کا قتل اس بڑھتے ہوئے المیے کی ایک اور تلخ مثال ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter