تحریک انصاف کی سینیٹر مشال یوسفزئی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ وہ نہ صرف مخالفین بلکہ حاسدین کے دباؤ کا بھی بھرپور مقابلہ کریں گی اور کسی قیمت پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر قسم کے سیاسی اور ذاتی حملوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
مشال یوسفزئی نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ کو باقاعدہ طور پر جنرل سیکرٹری نامزد کیا ہے۔
مشال یوسفزئی کا الیکشن کمیشن کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ راجہ صاحب کو چاہیے کہ بانی کے دیے گئے رہنمائی اصولوں کے مطابق چلیں اور پارٹی کی اجتماعی پالیسی کو فوقیت دیں، نہ کہ کسی ذاتی ایجنڈے کی پیروی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی نے انہیں اختیار دیا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں میں کھل کر مؤقف پیش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک ورکشاپ میں شریک ہوئیں جہاں پارٹی کی پالیسی واضح نہیں تھی، اس لیے انہوں نے وہیں اپنی رائے پیش کی۔ ان کے بقول، پارٹی کے اندر ایسا ماحول ہونا چاہیے جہاں ہر رکن آزادی کے ساتھ بات کرسکے۔
مشال یوسفزئی نے ایک حالیہ متنازع معاملے پر بھی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ایک نجی تقریب کی تصاویر کو غلط انداز میں وائرل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں موجود تمام افراد پارلیمنٹیرینز تھے اور یہ ایک دوستانہ محفل تھی جسے غلط تاثر دینے کے لیے سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کوششیں انہیں کمزور نہیں کر سکتیں اور نہ ہی وہ کسی دباؤ کے آگے جھکیں گی۔ “آپ جو مرضی کر لیں، میں پیچھے نہیں ہٹوں گی۔ میں مقابلہ کروں گی اور اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہوں گی،” سینیٹر مشال یوسفزئی نے دوٹوک اعلان کیا۔
