محکمہ وائلڈ لائف نے بیول، گوجر خان میں کارروائی کرتے ہوئے دو سالہ غیر قانونی افریقی شیر برآمد کر لیا، مقدمہ درج کرنے کا اعلان۔
راولپنڈی کے نواحی علاقے گوجر خان میں محکمہ وائلڈ لائف نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک مقامی وڈیرے کے ڈیرے پر غیر قانونی طور پر رکھے گئے افریقی نسل کے شیر کو برآمد کر لیا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف حکام کے مطابق، شیر کی عمر تقریباً دو سال ہے اور اسے بغیر کسی لائسنس کے نجی احاطے میں رکھا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بیول کے علاقے میں چھاپہ مارنے سے قبل متعلقہ عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کیا گیا تھا۔ شیر کی موجودگی کی تصدیق کے بعد ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے اپنی تحویل میں لے لیا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے باقاعدہ تحریری شکایت کے بعد شیر کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں عمل میں لائی گئی ہے جب چند روز قبل لاہور میں ایک خاتون پر شیر کے حملے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے جنگلی جانوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں غیرقانونی شیروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 13 شیر تحویل میں، 5 افراد گرفتار
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق صرف گزشتہ دو دنوں کے دوران 14 شیر برآمد کیے جا چکے ہیں جنہیں بغیر لائسنس مختلف نجی فارم ہاؤسز یا گھروں میں رکھا گیا تھا، اور ان تمام مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ جنگلی جانور پالنے کے لیے لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوتا ہے، اور وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں مقرر ہیں۔ پنجاب حکومت کی حالیہ کارروائی کا مقصد عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور جنگلی حیات کی حفاظت ہے۔