مغربی ممالک اسرائیل کی غنڈہ گردی کے سرپرست بن چکے ہیں، خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر دفاع خواجہ آصف کا اسرائیل کی جارحیت پر شدید ردعمل، مغربی حمایت کو خطرناک قرار دے دیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور مغربی ممالک کی بے جا حمایت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی طاقتیں اسرائیل کی غنڈہ گردی کی کھلم کھلا سرپرستی کر رہی ہیں، جس کے عالمی سطح پر نہایت خطرناک اور دور رس نتائج نکل سکتے ہیں۔

latest urdu news

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل کا بڑھتا ہوا جارحانہ رویہ صرف مشرقِ وسطیٰ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مغربی ممالک نے اسرائیل کے طرزِ عمل پر سنجیدگی سے غور نہ کیا تو اس کے نتائج دنیا بھر کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

وزیر دفاع نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو کسی بین الاقوامی نیوکلیئر ضابطے کا پابند ہے اور نہ ہی اس نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) پر دستخط کیے ہیں، جب کہ اس کے برعکس پاکستان نے تمام بین الاقوامی جوہری ضوابط کی پاسداری کی ہے۔

خواجہ آصف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت صرف اور صرف ملکی دفاع اور عوامی مفاد کے لیے مختص ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے جو نہ صرف اپنی جغرافیائی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے بلکہ عالمی قوانین کا بھی مکمل احترام کرتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور ایران کے درمیان شدید کشیدگی جاری ہے، اور عالمی برادری دونوں فریقین پر تحمل کی اپیل کر رہی ہے۔
پاکستان کی جانب سے اسرائیل کے خلاف یہ سخت مؤقف اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اسلام آباد، خطے میں اسرائیلی اقدامات کو عالمی امن کے لیے خطرہ تصور کر رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter