اسلام آباد، وزیراطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاک-بھارت کشیدگی پر سیاسی قیادت کو ان کیمرہ بریفنگ دیتے ہوئے دشمن کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اتوار کے روز وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو موجودہ پاک-بھارت صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر، بلوچستان عوامی پارٹی اور دیگر جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اس اہم سیشن میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق، ان کیمرہ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی قیادت کو پاک فوج کی دفاعی تیاریوں سے آگاہ کیا، جبکہ وزیر اطلاعات نے موجودہ سفارتی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر بھارت نے جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں دیرپا امن کا خواہاں ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارتی جنگی عزائم اور پہلگام واقعے کے خلاف قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد پیش کی جائے گی، جو آج شام ہونے والے اجلاس میں پیش ہوگی۔ ارکانِ اسمبلی اس موقع پر صورتحال پر اظہار خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں بھارتی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی سرحد پار دہشت گردی پر کھل کر بات کی جائے گی، جبکہ حکومت پاکستان کا متفقہ قومی بیانیہ اور مستقبل کی پالیسی بھی واضح کی جائے گی۔
علاوہ ازیں، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر بھی حکومتی حکمت عملی بیان کی جائے گی۔
طلال چوہدری کا مؤقف
اجلاس کے بعد وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بریفنگ کے دوران سیاسی جماعتوں کو آگاہ کیا گیا کہ کس طرح بھارت نے پہلگام واقعے کے ذریعے ایک فالس فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان اور مسلم دشمنی کو سیاسی فوائد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی، لیکن اس بار عالمی برادری نے بھارتی بیانیے پر آنکھیں بند کر کے اعتبار نہیں کیا، جو پاکستان کے مؤقف کی کامیابی ہے۔
طلال چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے میڈیا اور سوشل میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کو مؤثر انداز میں بے نقاب کیا ہے اور دنیا کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے آئندہ کوئی اقدام کیا تو اسے دوگنا جواب دیا جائے گا، اور اس کے نتائج دنیا بھر کو بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد پاک-بھارت تعلقات میں شدید تناؤ پیدا ہو چکا ہے۔