نارووال، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جنگیں صرف اعداد و شمار سے نہیں بلکہ صلاحیت، حکمت عملی اور جذبے سے جیتی جاتی ہیں اور پاکستان کی موجودہ قیادت اور مسلح افواج نے بھارت کو بھرپور جواب دے کر یہ بات دنیا پر واضح کر دی ہے۔
نارووال میں ریسکیو سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسی قیادت موجود تھی جو نازک مواقع پر فیصلہ کرنے سے ہچکچاتی تھی، لیکن آج کے پاکستان میں قیادت فیصلہ کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے پیشہ ورانہ مہارت سے یہ ثابت کر دیا کہ جنگ کا دار و مدار صرف تعداد پر نہیں، بلکہ قابلیت اور تیاری پر ہوتا ہے، حالیہ واقعات میں ہماری افواج نے دشمن کو دن میں تارے دکھا دیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے اربوں روپے خرچ کر کے جو جنگی طیارے حاصل کیے تھے، وہ اب ناکارہ ہو کر کباڑیوں کے پاس پڑے ہیں، اور محض دو گھنٹوں کے اندر بھارت کی چیخیں واشنگٹن تک سنائی دینے لگیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ پاکستان کی برآمدات کو 32 ارب ڈالر سے بڑھا کر 100 ارب ڈالر تک پہنچایا جائے، اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اسرائیل نہیں اور پاکستان فلسطین نہیں، اگر بھارت نے جارحیت کی کوشش کی تو ہمارا ردعمل نہایت شدید اور غیرمعمولی ہو گا۔
ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، جنوری 2024 سے لے کر اب تک 3700 سے زائد دہشتگردی کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔