پولیس نے واہ کینٹ کے علاقے کوہستان کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب افغان شہری آدم کو اس کے تین ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا، جبکہ ایک ملزم نور رحمت کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی پشاور اور راولپنڈی پولیس کی مشترکہ کوششوں سے کی گئی۔ ہلاک ہونے والا ملزم آدم قتل، دہشتگردی، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں 13 مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز آڈیو اور ویڈیوز وائرل کر کے عوام میں خوف پھیلانے کی کوشش کرتا تھا۔
تحقیقات کے مطابق آدم افغان شہری تھا، لیکن اس نے پاکستانی شہریت کے جعلی دستاویزات حاصل کر رکھے تھے، جنہیں استعمال کر کے وہ کئی سال سے ملک میں روپوش تھا اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ گرفتار زخمی ملزم سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی مزید اہم انکشافات کی بنیاد بن سکتی ہے، اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ کارروائی حالیہ دنوں میں پولیس کی جانب سے دہشتگردوں اور خطرناک جرائم پیشہ افراد کے خلاف کی جانے والی کامیاب کارروائیوں کی کڑی ہے۔