لاہور، واہگہ بارڈر کے ذریعے مزید 315 بھارتی شہری بھارت روانہ ہو گئے جبکہ 201 پاکستانی شہری واپس وطن پہنچ گئے۔
پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک کے شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اسی سلسلے میں آج مزید بھارتی شہری واہگہ کے راستے اپنے وطن لوٹ گئے، جبکہ درجنوں پاکستانی شہری بھارت سے واپس لاہور پہنچے۔
حکام کے مطابق 2 پاکستانی خواتین، جو شادی کے بعد بھارت گئی تھیں، انہیں بھی واپس بھیج دیا گیا ہے۔
ایک خاتون نے بتایا کہ وہ شادی کے بعد بھارت منتقل ہوئیں جہاں ان کا بیٹا پیدا ہوا، تاہم پاکستانی شہریت ہونے کی بنیاد پر انہیں زبردستی واپس بھیج دیا گیا، جب کہ ان کا چار ماہ کا بیٹا اب بھی شوہر کے پاس بھارت میں ہے۔
دوسری خاتون کا بھی کہنا تھا کہ ان کے 4 بچے بھارت میں پیدا ہوئے لیکن پاکستانی شہریت کے باعث انہیں ملک بدر کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ بھارت نے حال ہی میں سندھ طاس معاہدہ معطل کرتے ہوئے بھارتی سرزمین پر موجود پاکستانیوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کی ہے۔