کراچی،آرام باغ ٹریفک سیکشن کے ٹریفک پولیس اہلکار عزیز حیدر کی رشوت خوری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد محکمہ پولیس حرکت میں آ گیا، وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکار سڑک کنارے ایک شہری سے پانچ سو روپے کا نوٹ لیتا ہے اور بلا جھجک اپنی جیب میں ڈال لیتا ہے۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آتے ہی شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا، جس کے بعد ایس ایس پی ٹریفک کراچی نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے عزیز حیدر کو معطل کر دیا۔ معطلی کے ساتھ ہی اہلکار کا ہیڈ آفس بند کرتے ہوئے محکمانہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور کسی اہلکار کو قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ** کراچی میں اس سے قبل بھی ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے رشوت خوری کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں، جن کے خلاف عوام اور سماجی حلقوں نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔