لاہور میں نیشنل سیکیورٹی اور وار کورس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ میں جو تاریخی کامیابی حاصل کی، وہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے انتہائی پیچیدہ حالات میں بھی غیر معمولی قابلیت کا مظاہرہ کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے ایک انتہائی اہم مقام پر واقع ہے، جہاں ہمیں اندرونی و بیرونی خطرات کا مسلسل سامنا رہتا ہے۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، مؤثر قیادت، اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی اجتماعی طاقت ہی ہمیں آزمائشوں میں سرخرو کرتی ہے، اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ اس کی ایک زندہ مثال ہے۔
مریم نواز نے عوامی خدمت کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس، درست پالیسیاں، اور دن رات کی محنت ہی ترقی کا راستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہیں، اور یہی ان کی سیاست کا مرکزی نقطہ ہے۔
آئندہ پنجاب پر بات کرنے سے پہلے سو بار سوچیں:مریم نواز
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حکومتی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے دوران صوبہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اور ریلیف آپریشن کیا گیا۔ اس دوران 25 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور متاثرین کو روزانہ تین وقت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی تمام مشینری دن رات میدانِ عمل میں موجود ہے اور سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک یہ سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعلیٰ نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ پاکستان ایک باوقار قوم ہے، جو ہر بحران کا مقابلہ جرأت اور حکمت سے کرتی ہے۔ مسلح افواج اور عوام کے اتحاد سے ہر میدان میں کامیابی ہمارا مقدر بن سکتی ہے۔