یومِ استحصالِ کشمیر کی تقریب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کشمیر جیل بن چکا ہے، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت سفارتی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔
لاہور: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ظلم کے مٹنے اور کشمیریوں کی دعاؤں کے قبول ہونے کا وقت قریب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پورے پاکستان میں یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، جو کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے کی ضمانت دیتی ہیں، اور آج عالمی رہنما بشمول ڈونلڈ ٹرمپ بھی کشمیر کی صورتِ حال پر بات کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم وہ ہے جو نہ کبھی ظلم سے ڈری اور نہ ہی جھکی، اور برہان وانی جیسے نوجوان شہداء آج بھی جدوجہدِ آزادی کی علامت ہیں، جنہیں کوئی بھلا نہیں سکتا۔
5 اگست کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، مشعال ملک کا مزارِ قائد پر خطاب
اپنے خطاب میں عظمیٰ بخاری نے بھارت پر 7 مئی کو پاکستان کے خلاف جارحیت کی ناکام کوشش کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے چند گھنٹوں میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور آج بھارت عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔
آخر میں عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص جماعت کی جانب سے آج پھر ایک فتنے کی کال دی گئی ہے، جس کا مقصد قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی شرپسندانہ سیاست اور فتنہ انگیزی سے دور رکھیں۔
یاد رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں پر ایک نئے دورِ ظلم کی بنیاد رکھی، جس کے خلاف ہر سال پاکستان میں یومِ استحصال منایا جاتا ہے تاکہ دنیا کی توجہ اس انسانی المیے کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔