وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں میٹرو اور اورنج ٹرین کے بعد اب ٹرام اور ہائی اسپیڈ ٹرین کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی خدمت اور سیاست کے پیمانے بدل دیے ہیں اور وہ صوبے کو جدید ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کر رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو جو مینڈیٹ دیا، وہ اس کا حق ادا کر رہی ہیں۔ مریم نواز کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ عوامی خدمت، جدید وژن اور ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیش رفت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب ایئر کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جبکہ پہلی مرتبہ صوبے میں ایئر ایمبولینس سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ ان کے مطابق ٹرانسپورٹ، تعلیم، صحت اور زراعت کے شعبوں میں جدید اصلاحات اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کا کریڈٹ بھی مریم نواز کو جاتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب میں اٹک سے رحیم یار خان اور لاہور سے صادق آباد تک بلا تفریق ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 100 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی تقسیم روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ:روزانہ 290 گھر بن رہے ہیں، عظمیٰ بخاری
عظمیٰ بخاری کے مطابق کسان کارڈ پنجاب حکومت کے سب سے کامیاب منصوبوں میں سے ایک ہے، جس کے دوسرے مرحلے میں کسانوں میں 100 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت 1 لاکھ 10 ہزار گھر زیر تعمیر ہیں، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 290 گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب تیز رفتار ترقی کی جانب گامزن ہے اور آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔
