پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے دوران پنجاب حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن انجام دیا ہے، جس کے ذریعے لاکھوں جانوں کو بروقت محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب نے ملک کے بدترین سیلاب کا سامنا کیا، لیکن حکومت نے موثر اقدامات کے ذریعے بڑی انسانی تباہی سے بچاؤ ممکن بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ پنجاب حکومت پر تنقید کر رہے ہیں، جن کے اپنے صوبے خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے سیکڑوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے خیبر پختونخوا حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ متاثرین آج بھی بے یارو مددگار پڑے ہیں، اور وہاں کی حکومت نہ صرف اپنی رِٹ قائم کرنے میں ناکام ہے بلکہ عوام کے بنیادی مسائل بھی حل نہیں کر پا رہی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم دن رات سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف عمل ہیں، اور پنجاب حکومت متاثرہ علاقوں کی آبادکاری اور بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
جمہوریت صرف حکومت سازی نہیں بلکہ عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد ہے، مریم نواز
وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، اور جیسے ہی سروے مکمل ہوگا، وزیراعلیٰ مریم نواز متاثرین کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی۔
عظمیٰ بخاری نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔