سعد رضوی کے نام پر 95 بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں سیل، ٹی ایل پی پر پابندی کی سفارش: عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کے نام پر 95 بینک اکاؤنٹس اور مسروقہ و غیر مسروقہ جائیدادیں سیل کر دی گئی ہیں۔

latest urdu news

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسی مسجد کو مسمار نہیں کیا جا رہا، ٹی ایل پی کی جانب سے پھیلائے گئے “شیطانی و خرافاتی نظریات” بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اور مدارس کا نظم و نسق محکمہ اوقاف کے زیر انتظام ہے، اور حکومت کسی فرقے یا جماعت کے نہیں بلکہ دہشت گردانہ سوچ کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ٹی ایل پی کی مساجد حکومتی تحویل میں لی جا چکی ہیں جبکہ 223 مدارس کی جیو ٹیگنگ مکمل ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق ٹی ایل پی کے 6 مدارس سرکاری زمین پر قائم کیے گئے تھے جن کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ سعد رضوی اور ان کے بھائی کو ٹریس کیا جا رہا ہے، وہ جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ “خود چھپے ہوئے ہیں مگر دوسروں کو اشتعال دلاتے ہیں کہ باہر نکلیں اور آگ لگائیں،” انہوں نے کہا۔

سعد رضوی کے گھر چھاپہ: کروڑوں کی نقدی، سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کی سفارش وفاقی حکومت کو بھیج دی ہے، اور امید ہے کہ ایک دو روز میں باضابطہ پابندی لگا دی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت نے 330 مساجد کا انتظام سنبھال لیا ہے، تمام مساجد نماز کے لیے کھلی ہیں، جبکہ مدارس جلد دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔ “ان مدارس کا انتظام اہلسنت والجماعت کے علما کے سپرد کیا جائے گا،” انہوں نے وضاحت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں اور صحافیوں کو دھمکانے کے لیے آرگنائزڈ سیل بنایا گیا تھا، جس کی سرگرمیوں کے شواہد حکومت کے پاس موجود ہیں۔

وزیر اطلاعات نے خبردار کیا کہ والدین اپنے بچوں کو ٹی ایل پی کی سرگرمیوں سے دور رکھیں، کیونکہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث نوجوانوں پر دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جائیں گے، اور انہیں نہ تعلیمی اداروں میں داخلہ ملے گا، نہ ویزہ یا حکومتی سہولت۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعد رضوی کے 95 بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں سیل کر دی گئی ہیں جبکہ رضوی برادران کو پناہ دینے یا مالی مدد کرنے والوں کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے بیرونِ ملک بیٹھے بعض عناصر اس صورتِ حال پر “تیل ڈالنے” کی کوشش کر رہے ہیں، ان کے بقول “تحریکِ فساد اور یہ دہشت گرد گروہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter