وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سے درمیانہ طبقہ مستفید ہوگا، بعض عناصر ملک کی بہتری برداشت نہیں کر پا رہے۔
لاہور – وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ کے باوجود بجٹ میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی گئی، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ قابل تحسین ہے جس سے درمیانے طبقے کو سہارا ملے گا۔
عظمیٰ بخاری نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ مخصوص عناصر ملک کی بہتری اور عوامی سہولیات پر ناخوش دکھائی دیتے ہیں، سٹاک مارکیٹ میں 2100 پوائنٹس کا اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واحد جماعت ہے جو ملکی مفاد میں کبھی کوئی مثبت کردار ادا نہیں کر سکی۔ ’’واشنگٹن چلو‘‘ مہم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی یوٹیوبرز نے اس مہم کو ہوا دی، لیکن بیرسٹر گوہر خود تسلیم کر چکے ہیں کہ پارٹی کی جانب سے کوئی کال نہیں دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عزت اور ذلت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، اور اللہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت ملک کو عزت بخشی ہے۔ چند بیرونِ ملک یوٹیوبرز جو ملک اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، دراصل اپنی ہی عزت کھو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ بجٹ میں وفاقی حکومت نے تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافے اور پنشن میں بہتری جیسے اقدامات متعارف کرائے ہیں، جنہیں حکومت متوسط طبقے کی فلاح کا اہم جزو قرار دے رہی ہے۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں اور ناقدین نے بجٹ پر سخت تنقید کی ہے۔