جھنگ: محبت نے ایک بار پھر سرحدیں مٹا دیں، امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کی رہائشی 27 سالہ کیرنشا میڈیسن گریس نے سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد پاکستان آ کر اسلام قبول کیا اور جھنگ کے نوجوان نعیم الحسن سے شادی کر لی۔
ذرائع کے مطابق، دو سال قبل سوشل میڈیا پر ہونے والی یہ آن لائن دوستی، وقت کے ساتھ محبت میں بدل گئی۔ بالآخر کیرنشا نے جھنگ کا رخ کیا، جہاں انہوں نے جامعہ عربیہ دارالہدیٰ میں اسلام قبول کر کے "کنیز عائشہ” نام اختیار کیا، اور بعد ازاں گواہوں کی موجودگی میں نکاح کیا گیا۔
نکاح کی تقریب ایڈووکیٹ عامر شہزاد کے چیمبر میں منعقد ہوئی، جس میں عزیز و اقارب شریک ہوئے۔ کنیز عائشہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "میں نعیم الحسن کی محبت میں پاکستان آئی ہوں، اسلام سے متاثر ہو کر اپنا مذہب تبدیل کیا اور اب یہی میرا مستقل وطن ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ امریکا میں شادی شدہ تھیں اور ان کے تین بچے بھی ہیں، تاہم نعیم الحسن سے رشتہ قائم کرنے سے قبل وہ اپنے سابق شوہر سے قانونی طلاق لے چکی تھیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی 33 سالہ امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن نے کراچی آ کر اپنے 19 سالہ پاکستانی دوست سے شادی کی کوشش کی تھی، تاہم نکاح نہ ہو سکا اور انہیں امریکا واپس لوٹنا پڑا۔