نارووال: احسن اقبال کا کہنا ہے کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا واحد حل اتحاد، یکجہتی اور باہمی رواداری ہے۔
نارووال: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا واحد حل اتحاد، یکجہتی اور باہمی رواداری ہے، اور اسی جذبے سے ہم ان قوتوں کو شکست دے سکتے ہیں جو امت میں انتشار پیدا کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔
یوم عاشور کے موقع پر اپنے آبائی شہر نارووال میں جلوس کا دورہ کرتے ہوئے احسن اقبال نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے جلوس میں شریک عزاداروں سے ملاقات کی اور سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ نے حق، اصول، نظریات اور سچائی کے لیے جو بے مثال قربانی دی، وہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ یوم عاشور ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ سچ کے لیے کسی بھی بڑی قربانی سے پیچھے نہ ہٹیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی سیرت سے سبق لیتے ہوئے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد پیدا کریں، کیونکہ دشمن قوتیں ہمیں تقسیم کر کے کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ ان کوششوں کو ہم باہمی بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کے ذریعے ناکام بنا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مکاتبِ فکر کے افراد یوم عاشور کے موقع پر جس یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں فرقہ واریت کی کوئی جگہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ:
"ہم سب پاکستانی ہیں، ہمارا مقصد ایک ہے، اور ہم ان شاء اللہ اپنے اتحاد سے پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور پرامن ریاست بنائیں گے۔”
یاد رہے کہ ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس اور مجالس کا انعقاد امن، عقیدت اور احترام کے ساتھ جاری ہے، جن میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کر کے حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ حکومتی سطح پر سیکیورٹی، سہولیات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔