پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ قاسم اور سلیمان سیاست میں آنا چاہیں تو کسی نے منع نہیں کیا، عمران خان ڈیل کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔
اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم اور سلیمان جب بھی پاکستان آئیں، ان کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ اگر وہ سیاست میں شامل ہونا چاہیں تو کسی نے بھی انہیں روکنے کی بات نہیں کی۔
عمر ایوب نے کہا کہ سیاست میں مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر عمران خان کے بیٹے مضبوط ہیں، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت تھی کہ احتجاج مقامی سطح پر کیا جائے، اگر عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد نہیں جانا تو ہم وہاں جانے والے کون ہوتے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پولیس ظلم و بربریت پر اتر آئی ہے۔ ماضی میں حکومت سے مذاکرات کی کوشش کی تھی مگر حکومت بےبس نظر آئی، پنجاب حکومت پٹواری بھی اپنی مرضی کا نہیں لگا سکتی تو ان کے ساتھ مذاکرات کا فائدہ نہیں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ان کے علم میں نہیں کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو جیل سے نکلنے کے لیے کوئی پیشکش آئی ہو، اور اگر کوئی ڈیل آئے بھی تو عمران خان اسے کبھی قبول نہیں کریں گے۔