اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’پیپلز پارٹی صرف ایک فون کال کی مار ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی پی سنجیدہ ہے تو اسے چاہیے کہ تحریک انصاف سے مل کر عوامی حقوق کی جدوجہد کرے۔
عمر ایوب نے بجٹ پر بھی کڑی تنقید کی، کہا کہ اس بجٹ سے پاکستان میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ ان کے بقول حکومت نے آغاز ہی غلط کیا اور فنانس سے متعلق متعدد غلطیاں کی گئیں۔
اپوزیشن لیڈر نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں صرف 10 سے 12 دن کا تیل موجود ہے اور حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر سے اربوں روپے کے معاملے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے خود تسلیم کیا کہ غلطی ہوئی ہے۔
عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ عوام پر کروڑوں روپے کے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ٹیکس عائد کر دیے گئے ہیں، یہ ظلم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے تین کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرائے گئے اور رات دو بجے کے بعد انتخابی نتائج بدلے گئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب تک پی ٹی آئی قیادت جیل میں ہے، مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ عوام کی طاقت سے جلد عمران خان اور پارٹی رہنما دوبارہ اپنے عوام کے درمیان ہوں گے۔