برطانیہ نے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ای ویزا کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت اب زیادہ تر افراد کو پاسپورٹ پر فزیکل اسٹیکر ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ نیا نظام 15 جولائی 2025 سے نافذالعمل ہو چکا ہے۔ ای ویزا ایک ڈیجیٹل امیگریشن اسٹیٹس ہوتا ہے، جو کسی فرد کے برطانیہ میں قیام، داخلے اور اس سے متعلق شرائط کو آن لائن محفوظ کرتا ہے، اور یو کے وی آئی (UKVI) کے اکاؤنٹ میں لاگ ان کر کے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس نظام کے ذریعے ویزا کا عمل مزید آسان، محفوظ اور خودکار ہو جائے گا، جبکہ درخواست دہندگان کو اپنا پاسپورٹ اپنے پاس رکھنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ برطانیہ میں تعینات ہائی کمشنر جین میریٹ کے مطابق، اس تبدیلی سے افراد کے لیے اپنی امیگریشن شناخت اور ویزا اسٹیٹس ثابت کرنا بہت سہل ہو جائے گا۔
ای ویزا فی الحال طلبہ (بشمول 11 ماہ کے کورسز)، گلوبل بزنس موبیلٹی روٹس، گلوبل ٹیلنٹ، انٹرنیشنل اسپورٹس پرسن، اسکلڈ ورکرز (ہیلتھ اینڈ کیئر ورکرز)، اور مختلف عارضی ورک کیٹیگریز جیسے چیریٹی، کری ایٹو، گورنمنٹ آتھورائزڈ ایکسچینج، اور مذہبی ورک ویزا رکھنے والوں کے لیے دستیاب ہے۔ یوتھ موبیلٹی اسکیم کے تحت آنے والے افراد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
وہ افراد جو بطور ڈپینڈنٹ درخواست دے رہے ہیں، یا جن کی ویزا کیٹیگری فی الحال اس فہرست میں شامل نہیں، انہیں بدستور فزیکل اسٹیکر ویزا کی ضرورت ہوگی۔ اسی طرح، جن کے پاس پہلے سے فزیکل ویزا موجود ہے، انہیں کوئی نیا اقدام کرنے کی ضرورت نہیں۔
حکام کے مطابق، جلد ہی یہ نظام تمام ویزا اقسام پر لاگو کر دیا جائے گا، جس سے برطانوی ویزا حاصل کرنے کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور مربوط ہو جائے گا۔