گلگت: گلگت بلتستان کے علاقے بابوسر میں اچانک آنے والے تباہ کن سیلابی ریلے نے سیاحت پر آئے کئی خاندانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں نجی ٹی وی چینل سے وابستہ خاتون اینکر شبانہ لیاقت، ان کے شوہر، تین بچے اور دیگر سیاح لاپتہ ہو گئے ہیں۔
حکومت گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 21 جولائی کو یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب خیبر ٹی وی سے وابستہ اینکر شبانہ لیاقت اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ بابوسر کی سیر پر تھیں۔ شدید بارشوں کے بعد اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے ان کی گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اور وہ تمام افراد پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔
شناختی دستاویزات اور نقدی ملبے سے برآمد
مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ خاندان کے بارے میں شواہد اس وقت سامنے آئے جب ریسکیو ٹیموں کو ملبے سے ایک پرس ملا، جس میں شبانہ لیاقت، ان کے شوہر لیاقت اور بچوں کے شناختی کارڈز اور نقدی موجود تھی۔
متاثرہ خاندان کی گمشدگی کی شکایت لیاقت کے اہلِ خانہ کی جانب سے درج کرائی گئی، جس کے بعد ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا۔
لاپتہ افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ
ترجمان فیض اللہ کا کہنا ہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق کم از کم 15 سیاح اس واقعے میں لاپتہ ہو چکے ہیں، تاہم یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے کیونکہ سیلابی ریلہ کئی گاڑیوں اور خیمہ نشین سیاحوں کو بہا لے گیا۔
امدادی کارروائیاں جاری، موسم رکاوٹ بن گیا
انتظامیہ کے مطابق، خراب موسم، بارش اور دشوار گزار راستے امدادی کارروائیوں میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ سراغ رساں کتوں اور ڈرونز کی مدد سے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ مقامی رضاکار اور ریسکیو ادارے بھی متاثرہ مقام پر موجود ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی تلاش اور شناخت کے لیے ڈی این اے سیمپلنگ سمیت دیگر سائنسی طریقے بھی زیر غور ہیں۔