وزیرِاعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کے دوران جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق، شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر اتوار کے روز استنبول پہنچے، جہاں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ترک صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، معاشی تعاون، قابل تجدید توانائی، آئی ٹی، دفاعی پیداوار اور دیگر اہم شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور خاص طور پر مسئلہ کشمیر پر ترکی کی حمایت کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور باہمی تشویش کے معاملات پر اصولی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترک صدر نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا:
"ترکی اور پاکستان نے ہر شعبے میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ خدا کرے کہ پاکستان اور ترکی کا اتحاد، بھائی چارہ اور یکجہتی ہمیشہ قائم رہے۔”