سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے بیٹے قاسم خان کا کہنا ہے کہ اگر دنیا میں کوئی لیڈر ہے جو ان کے والد کے کیس پر حقیقی اثر ڈال سکتا ہے، تو وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے معروف اینکر پیئرز مورگن کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں قاسم خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ٹرمپ کے قریبی ساتھی رچرڈ گرینل سے ملاقات بھی کی ہے تاکہ عمران خان کی رہائی کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کی جا سکے۔
قاسم خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کے والد اور صدر ٹرمپ کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی احترام پر مبنی بات چیت ہوا کرتی تھی، اور دونوں رہنما جب اپنے اپنے عہدوں پر فائز تھے تو کئی اہم معاملات پر ہم آہنگی رکھتے تھے۔
ان کا ماننا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ اس معاملے پر کوئی واضح مؤقف اپنائیں یا پاکستانی اداروں سے براہِ راست رابطہ کریں، تو اس سے عمران خان کی رہائی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
عمران خان کی رہائی کا واحد رستہ امریکہ ہے، قاسم خان
اسی انٹرویو میں عمران خان کے دوسرے بیٹے سلیمان خان نے بتایا کہ ان کی اپنے والد سے آخری ملاقات تین سال قبل ہوئی تھی، جب کہ گزشتہ چار ماہ سے ان کی کوئی بات چیت بھی نہیں ہو سکی۔ قاسم خان نے اس دوری کو "انتہائی اذیت ناک اور دل شکن” قرار دیا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے بیٹوں نے پاکستان آنے کے لیے ویزے کی درخواست دے رکھی ہے، اور وہ جلد اپنے والد سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔