اسلام آباد: بھارت کی حالیہ فوجی جارحیت کے خلاف کامیاب دفاع اور آپریشن "بنیان مرصوص” میں تاریخی فتح کے بعد آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز دعاؤں اور توپوں کی سلامی سے
یوم تشکر کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
قومی یادگاروں پر تقریبات
- مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی باوقار تقاریب منعقد ہوئیں۔
- پرچم کشائی کی تقریبات وفاقی اور صوبائی سطح پر بھی ہوئیں۔
- یادگار شہدا پر پھول چڑھائے گئے اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
شہداء کی یاد میں
آپریشن بنیان مرصوص میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے اہل خانہ سے خصوصی ملاقاتیں کی گئیں۔ نماز جمعہ میں بھی ملک کی سلامتی، ترقی اور افواج پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مرکزی تقریب اسلام آباد میں
یوم تشکر کی مرکزی تقریب آج رات اسلام آباد کے پاکستان مونومنٹ پر منعقد ہو گی، جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے۔ اس تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب جارحیت کا آغاز کیا، جس پر پاکستان نے فوری اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے، بشمول 3 رافیل طیارے مار گرائے۔ اس جوابی کارروائی کو آپریشن بنیان مرصوص کا نام دیا گیا۔
بعد ازاں، 10 مئی کو پاکستان نے بھارتی حملوں کا فیصلہ کن جواب دیتے ہوئے عالمی سطح پر یہ واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔