راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں ریلوے ٹریک کے قریب کھیلتے ہوئے 3 بچے ٹرین کی زد میں آگئے، ایک جاں بحق اور دو شدید زخمی۔
راولپنڈی ،تھانہ ٹیکسلا کے علاقے بدھو گاؤں میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ریلوے ٹریک کے قریب کھیلتے ہوئے 3 بچے ٹرین کی زد میں آ گئے۔
رپورٹ کے مطابق بچے ٹریک کے قریب کھیل رہے تھے کہ اسی دوران وہاں سے گزرنے والی ٹرین کی لپیٹ میں آ گئے۔ حادثے کے نتیجے میں ایک بچہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 حکام نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچے ٹرین کی آمد سے بے خبر کھیل میں مصروف تھے۔ مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے ٹریک کے قریب حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔