22
اسلام آباد، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خضدار کا افسوسناک واقعہ دہشت گردی کی بدترین شکل ہے، اور یہ ایک ایسی جنگ کا تسلسل ہے جو بھارت نے اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف چھیڑ رکھی ہے۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایک شخص گجرات سے شروع ہوا، وہاں لوگوں کو زندہ جلا کر سفاکیت کی ایک خوفناک تاریخ رقم کی اور بعد ازاں وہی شخص دہشت گردی کو ایکسپورٹ کرنے کا ذریعہ بن گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ خضدار میں پیش آنے والا سانحہ نہ صرف ظلم و بربریت کی انتہا ہے بلکہ یہ ہمارے خطے میں بھارت کی پراکسی جنگ کی عکاسی بھی کرتا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کچھ لوگ سوال اٹھاتے ہیں کہ اس دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت کیا ہیں؟ تو انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ ایسے شواہد ماضی میں بھی پیش کیے گئے اور آئندہ بھی سامنے آئیں گے۔
خواجہ آصف نے یاد دلایا کہ بلوچستان میں بھارتی نیوی کا افسر کلبھوشن یادیو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا، جو کہ بھارت کے ملوث ہونے کا واضح ثبوت ہے۔