اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹماٹر کی قیمتیں ایک بار پھر بے تحاشا بڑھ گئی ہیں اور ملک کے مختلف شہروں میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت 300 سے 380 روپے کے درمیان پہنچ گئی ہے، جو کہ تاریخی حد ہے۔
ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹماٹر کی قیمت سب سے زیادہ 380 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی میں 360، فیصل آباد میں 350 اور لاہور میں 340 روپے فی کلو قیمت ریکارڈ ہوئی ہے۔
ملک کے دیگر شہروں جیسے سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان میں قیمت 320 روپے تک جا پہنچی ہے۔ کراچی اور پشاور میں ٹماٹر کی قیمت 300 روپے کے قریب ہے جبکہ سرگودھا اور بہاولپور میں یہ قیمت 280 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ کے دیگر شہروں جیسے حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بھی ٹماٹر کی قیمت 240 سے 250 روپے فی کلو کے درمیان ہے۔
ایک سال میں موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹول ٹیکسز میں 101 فیصد اضافہ
ادارہ شماریات نے بتایا کہ پچھلے ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں اوسطاً 88 روپے 22 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، مہنگائی کا اثر دیگر اشیائے خورونوش پر بھی پڑا ہے جن میں لہسن، پیاز، آٹا، دالیں، دودھ، خوردنی تیل، گھی، مٹن اور سرخ مرچ پاؤڈر شامل ہیں۔ تاہم، کچھ اشیاء جیسے برائلر چکن، آلو اور گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کمی یا استحکام رہا ہے۔
مہنگائی اور سیلاب کی تباہ کاریوں نے زرعی اجناس کی پیداوار اور سپلائی چین کو متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے اور قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔