لاہور کے علاقے چوہنگ میں پولیس اور شاہ گینگ کے دو خطرناک ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں دونوں ملزمان حسنین اور عمر مارے گئے۔
یہ ملزمان سوشل میڈیا پر سی سی ڈی ( کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ) کے افسران کو بدلہ لینے کی کھلی دھمکیاں دے رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں افراد مانووال چوہنگ میں روپوش تھے اور سی سی ڈی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ چھاپے کے دوران ملزمان نے فائرنگ کی جس کا پولیس نے بھرپور جواب دیا، نتیجے میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
سی سی ڈی اہلکاروں کیخلاف بڑی کارروائی، جرائم میں ملوث افسران گرفتار، ایس ایچ او معطل
سی سی ڈی حکام کے مطابق دونوں افراد فیصل آباد کے بدنام زمانہ شاہ گینگ کے اہم رکن تھے، جو اس سے قبل بھی سنگین جرائم میں ملوث رہ چکے ہیں جن میں قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری شامل ہیں۔ گینگ کے دیگر ارکان میں سے کچھ پہلے ہی فیصل آباد میں پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں، جب کہ چار ارکان اب بھی فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے کہا کہ شاہ گینگ علاقے میں خوف کی علامت بن چکی تھی، اور سوشل میڈیا کے ذریعے پولیس کو دھمکیاں دینا ان کی مجرمانہ ذہنیت کا ثبوت ہے۔ سی سی ڈی نے واضح کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔