پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں ، سب جلد بہتر ہو جائے گا ، علیمہ خان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے اتحاد پر انہیں مکمل اطمینان ہے اور جلد ہی تمام معاملات درست ہو جائیں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے پارلیمینٹیرینز کا لاہور میں ہونے والا اجلاس خوش آئند ہے اور اس سے پارٹی کے اتحاد اور یکجہتی کا مثبت پیغام گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے لیے یہ ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے کہ پارٹی کے ارکان ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے ہیں۔

latest urdu news

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی پارٹی قیادت کو اجلاس میں نہ بلانے کے حوالے سے انہیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی، بلکہ یہ کہا گیا تھا کہ اجلاس صرف ارکان پارلیمان کے لیے ہے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران پنجاب کے عوام کے ساتھ بہت زیادتیاں ہوئیں، لیکن ہمیں یقین ہے کہ انشاء اللہ جلد حالات بہتر ہوں گے اور پارٹی کے تمام رہنما یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز اپنی صفوں میں اتحاد دکھائیں گے، اور لاہور کا ایونٹ اسی اتحاد کی مثال ہے۔

انہوں نے گفتگو کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی میں اختلافات کی باتیں محض افواہیں ہیں اور پی ٹی آئی متحد ہے، جس کا ثبوت لاہور کا کامیاب اجلاس ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد پارٹی میں اختلافات کی خبریں گردش کر رہی تھیں، جن کی اب عمران خان کی بہن علیمہ خان نے باقاعدہ تردید کر دی ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter