اسلام آباد، قومی سلامتی کے سابق مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی جنگ کا امکان تقریباً ختم ہو چکا ہے، اور اگر ایسا نہ ہوا تو اس کے نتائج مکمل تباہی کی صورت میں سامنے آئیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ روایتی جنگ کی صلاحیت براہ راست جوہری صلاحیت سے جڑی ہوئی ہے، اور پاکستان اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
ناصر جنجوعہ نے خبردار کیا کہ کسی بھی ناکامی کو جوہری جنگ کی طرف لے جانا دانشمندانہ قیادت کا ثبوت نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پہلگام واقعے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کرنے کے بجائے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کے پیش نظر آئندہ 24 سے 36 گھنٹے نہایت اہم ہیں۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ معتبر ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ بھارت پاکستان کے خلاف کسی ممکنہ فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان کی جانب سے فوری، موثر اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔