محکمہ آبپاشی سندھ نے اعلان کیا ہے کہ دریائے سندھ کے کوٹری بیراج سے نکلنے والی اہم نہر کلری بگھار (کے بی) فیڈر کینال کو 25 روز کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔ یہ بندش 20 دسمبر 2025 سے 15 جنوری 2026 تک جاری رہے گی۔
چیف انجینئر ایری گیشن کوٹری بیراج کے مطابق نہر کی یہ عارضی بندش کراچی کے میگا واٹر سپلائی منصوبے کے فور پراجیکٹ کی تکمیل میں درکار اہم انجینئرنگ کاموں کی وجہ سے کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان ضروری مرمتی اور توسیعی سرگرمیوں کا مقصد آئندہ برس کراچی کو زیادہ مقدار میں بہتر معیار کا پانی فراہم کرنا ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق نہر بندش کے دوران مرمتی، لائننگ، اور توسیعی مراحل پر کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ ان اقدامات کے باعث نہر کے بہاؤ میں عارضی تعطل تو رہے گا، تاہم حکام نے زور دیا کہ یہ فیصلہ کراچی کے طویل المدتی پانی بحران کو کم کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اسلام آباد: مسلم کالونی میں آپریشن، 200 ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار
ایری گیشن حکام کے مطابق نہر بند ہونے کے دوران کام کی رفتار بڑھانے کے لیے خصوصی ماہر انجینئرنگ ٹیموں کو تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ ساتھ ہی متبادل انتظامات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے تاکہ نہری پانی پر انحصار کرنے والے کاشتکاروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔
محکمہ آبپاشی نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد نہر کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا اور کراچی کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی کے نظام میں بہتری آئے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مستقبل میں پانی کے بحران پر قابو پانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
