حر جماعت کے روحانی پیشوا اور ممتاز سیاسی شخصیت پیر پگارا نے کہا ہے کہ کسی بھی نازک موقع پر پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
کراچی: حر جماعت کے روحانی پیشوا اور معروف سیاسی رہنما پیر پگارا نے موجودہ کشیدہ حالات میں افواجِ پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادرِ وطن کا دفاع ہر چیز سے مقدم ہے، اور پوری قوم ہر نازک موقع پر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں پیر پگارا نے کہا کہ "یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد و یکجہتی سے ملک کے دفاع اور استحکام پر توجہ دینے کا ہے۔ ہمیں ہر اختلاف کو پسِ پشت ڈال کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی”۔
پیر پگارا نے اپنی جماعت کو ہدایت کی کہ وہ ہر لمحہ دفاعِ وطن کے لیے تیار رہے۔ انہوں نے کہا: "خطے کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر حر جماعت کا ہر کارکن ملک کی سلامتی کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔”
انہوں نے دعا کی کہ: "اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر داخلی و خارجی خطرے سے محفوظ رکھے اور ملک کو امن و استحکام عطا فرمائے۔”
سیاسی وابستگی سے بالاتر قومی سوچ
پیر پگارا کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کا پیغام اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم کی بڑی مذہبی، روحانی اور سیاسی شخصیات دفاعِ وطن کے مسئلے پر متحد ہیں۔