گل پلازہ سانحہ: اموات 67 تک پہنچ گئیں، 77 افراد اب بھی لاپتہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گل پلازہ میں پیش آنے والے دلخراش سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 67 ہوگئی ہے، تاہم حکام کے مطابق اب تک صرف 17 لاشوں کی باقاعدہ شناخت ممکن ہوسکی ہے، جبکہ 77 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ واقعے کو چھ روز گزر جانے کے باوجود ملبے تلے دبے افراد تک رسائی نہ ہونے پر متاثرہ خاندانوں میں شدید بے چینی اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

latest urdu news

آتش زدگی سے متاثرہ گل پلازہ کے باہر لاپتہ افراد کے لواحقین کئی روز سے جمع ہیں اور ریسکیو و تحقیقاتی کارروائیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ اتنے دن گزرنے کے باوجود ان کے پیاروں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، جس کے باعث ان کی اذیت میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ریسکیو آپریشن کو تیز اور شفاف بنایا جائے۔

ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے بعض حصے انتہائی مخدوش ہوچکے ہیں اور کسی بھی وقت گرنے کا خطرہ موجود ہے، اسی وجہ سے بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی احتیاط سے کام لیا جارہا ہے، تاہم یہی صورتحال سرچ آپریشن کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔

گل پلازہ میں بجلی بند کرنے کا فیصلہ بچاؤ کے لیے تھا: صدر تاجر ایسوسی ایشن

ملبے تلے دبے افراد کی تلاش ریسکیو ٹیموں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، تاہم اس کے باوجود امدادی اہلکار مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جدید آلات اور تربیت یافتہ عملہ استعمال کیا جارہا ہے تاکہ ممکنہ طور پر زندہ افراد کو تلاش کیا جاسکے۔

یاد رہے کہ گل پلازہ میں یہ المناک آگ ہفتے کی شب لگی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پلازہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ آگ کی شدت کے باعث عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہوگیا تھا۔

دوسری جانب سانحے سے متعلق تحقیقاتی حکام نے عینی شاہدین اور متاثرین کے بیانات کی روشنی میں ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث نہیں لگی بلکہ یہ ایک مصنوعی پھولوں کی دکان میں لگی، جہاں مبینہ طور پر بچوں کے کھیلنے کے دوران ماچس یا لائٹر استعمال ہوا۔ آگ پہلے دکان میں موجود آتش گیر سامان میں بھڑکی اور بعد ازاں بجلی کی تاروں کے ذریعے پورے پلازہ میں پھیل گئی۔

حکام نے آگ سے متاثرہ گل پلازہ کی عمارت کو خطرناک قرار دیتے ہوئے ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد عمارت گرانے کی سفارش بھی کر دی ہے، تاکہ مستقبل میں کسی بڑے حادثے سے بچا جاسکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter