اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں بھارتی جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ رات جو سنگین غلطی کی ہے، اس کا جواب اسے ضرور ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ حساب مانگے گا، اور ہم یہ حساب ضرور لیں گے،وزیراعظم نے کہا کہ دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو چند گھنٹوں میں پسپائی پر مجبور کر دیا گیا۔
دشمن کے جن جنگی طیاروں پر اسے ناز تھا، وہ اب مٹی میں مل چکے ہیں اور تاریخ کا حصہ بن گئے ہیں،پاکستانی فضائیہ نے دشمن کو سخت جواب دیا، یہ وہ وار تھا جس میں اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی روح جھلک رہی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ثابت کر دیا کہ وطن کے دفاع میں پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہوابازوں نے غیر معمولی پیشہ وارانہ مہارت اور بے مثال بہادری کے ساتھ دشمن کے طیارے تباہ کر دیے،تینوں افواج اور ہر سپاہی کو سلام پیش کرتا ہوں، قوم اپنی مسلح افواج پر ناز کرتی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی، لیکن بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔
مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ تنازع ہے، جو صرف تب ختم ہوگا جب کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت ملے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت یہ نہ سمجھے کہ اس کی جنگی مہم جوئی ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہٹا سکتی ہے، ہم نے 90 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے اور دہشتگردی کے خلاف اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات بھارتی فورسز نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفرآباد اور باغ، جبکہ پنجاب میں مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ان حملوں میں دو مساجد شہید ہوئیں، جبکہ 31 پاکستانی شہری — جن میں دو بچے بھی شامل تھے — شہید اور 51 زخمی ہوئے
پاکستان نے فوری ردعمل دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے تین رافیل، ایک مگ 29، ایک ایس یو 30 طیارہ اور ایک جنگی ڈرون مار گرائے۔