30
بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایک 13 سالہ آٹھویں جماعت کی طالبہ کی 40 سالہ شخص سے شادی کا انکشاف ہوا ہے۔ اس واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دلہے سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ حیدرآباد سے 55 کلومیٹر دور تلنگانہ کے ضلع نندی گاما میں پیش آیا۔ پولیس کو اس غیر قانونی شادی کی اطلاع ایک استاد کی جانب سے دی گئی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر دلہا، اس کی بیوی، شادی کروانے والے پنڈت اور ایک اور فرد کو گرفتار کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کم عمر لڑکی ہار پہنے 40 سالہ شخص کے ساتھ کھڑی ہے، جب کہ اس کے ساتھ ایک خاتون اور پنڈت بھی موجود ہیں۔ یہ واقعہ ایک بار پھر بھارت میں چائلڈ میرج کے بڑھتے ہوئے واقعات کی طرف توجہ مبذول کرواتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں بھی کم عمری کی شادی ایک سنگین جرم ہے، اس کے باوجود ایسے واقعات کا سامنے آنا ایک لمحہ فکریہ ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔