پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی مذاکرات آج قطر میں ہوں گے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان سرحدی کشیدگی ختم کرنے کے لیے اہم مذاکرات آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوں گے۔

latest urdu news

یہ مذاکرات قطر کی ثالثی میں ہوں گے جس میں دونوں فریقین کی نمائندگی ہوگی، طالبان وفد کی قیادت وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی وفد میں سکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام شامل ہیں۔

اگرچہ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی تفصیلات اب تک عوامی سطح پر جاری نہیں کی گئیں، تاہم سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ یہ ملاقاتیں حالیہ کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مذاکرات کا مقام اور وقت خفیہ رکھا گیا ہے، لیکن طلوع نیوز سمیت دیگر ذرائع نے دوحہ میں ہونے والی ملاقات کی اطلاع دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو بتایا تھا کہ قطر نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے اور خطے میں امن کے لیے سنجیدہ طور پر بات چیت کی خواہش ظاہر کی ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی قطر کی حمایت کو سراہا اور علاقائی امن و سلامتی میں قطر کے کردار کا شکریہ ادا کیا۔

یہ مذاکرات اس وقت ہو رہے ہیں جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی کا معاہدہ آج شام چھ بجے ختم ہو رہا ہے، جس کے بعد دوبارہ کشیدگی کے امکانات موجود ہیں۔

سیز فائر کا فائدہ اٹھا کر دراندازی کی کوشش ناکام، پاک فوج کا بڑا آپریشن: 45 سے 50 خوارج ہلاک

پچھلے چند دنوں میں افغانستان کی سرحدی فورسز نے پاکستان پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے ردعمل میں پاکستان نے عسکری کارروائیاں کیں۔ مختلف افغان علاقوں جیسے کنڑ، ننگرہار، پکتیکا، خوست اور ہلمند میں جھڑپوں کی تصدیق ہو چکی ہے، اور پاکستانی فوج نے جوابی کارروائی میں درجنوں افغان فوجیوں کو ہلاک کیا تھا۔ پاکستان نے کابل پر زور دیا ہے کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو اپنی سرزمین پر پناہ دینے سے باز رہے تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے۔

یہ مذاکرات خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور دیرپا امن کی بحالی کے لیے اہم قدم تصور کیے جا رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter