جڑانوالہ میں نادرا کے اومیگا سینٹر کے افتتاح کے موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اب عام شہری صرف 10 منٹ میں شناختی کارڈ بنوا سکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور یہی ان کی سیاست کا اصل چہرہ ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ 78 سال میں جتنے ترقیاتی کام موجودہ حکومت نے کیے ہیں، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ ان کے مطابق لاہور روڈ کی مرمت مکمل ہوچکی ہے اور جلد ہی گرین بس سروس بھی شروع کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مشترکہ کاوشوں سے دنیا کے بڑے ممالک پاکستان کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے فخر سے بتایا کہ پاکستان کو 57 ممالک میں حرمین شریفین کی سیکیورٹی کا شرف حاصل ہے۔
طلال چوہدری نے فلسطین کے حوالے سے متنازع بیان دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کا مسئلہ حل ہو چکا ہے، اگر وہاں جشن منایا جا رہا ہے تو احتجاج کا جواز باقی نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست اور ادارے اگر ایک پیج پر ہوں تو دنیا میں پاکستان کی بات سنی جائے گی، اور مزید انتشار کی سیاست کی گنجائش نہیں ہے۔
11 بچوں کے والد کو شناختی کارڈ نہ ملنے پر نادرا افسر کے وارنٹ گرفتاری جاری
وزیر مملکت نے زور دیا کہ شہباز شریف کا وژن سستی بجلی، ترقیاتی کام، اور روزگار فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں کبھی سڑک نہیں تھی، آج وہاں موٹروے بن رہی ہے، اور ان کا ہدف ہے کہ جڑانوالہ سے لاہور کا سفر صرف 40 منٹ میں مکمل ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کارکردگی کو ووٹ دیں، کیونکہ وہ نہ انتشار کی سیاست کا حصہ ہیں اور نہ کسی کے ہاتھوں بلیک میل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت طاقت کا استعمال کرتی تو کوئی شخص سڑک پر احتجاج کے لیے کھڑا نہ ہوتا۔
آخر میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سال 12 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کی گئیں، جبکہ بعض احتجاج کرنے والوں کے گھروں سے اسٹیٹ بینک سے بھی زیادہ نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔