قانون سب کے لیے برابر ہے، چاہے ’آنٹی ریحانہ‘ ہوں یا کوئی اور: طلال چوہدری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں، چاہے کوئی 80 سال کا ہو یا 18 کا، قانون شکنی پر سب کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی مخصوص فرد یا عمر کی رعایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، "آنٹی ریحانہ ہوں یا کوئی اور، قانون سب کے لیے برابر ہے۔”

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے اپوزیشن جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ احتجاج کا حق سب کو حاصل ہے لیکن جب قانون کے تحت اجازت لی جائے اور متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی اپنے احتجاجی پروگرام سے انتظامیہ کو باقاعدہ آگاہ کیوں نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ بروقت اطلاع دیں، تو حکومت نہ صرف سیکیورٹی فراہم کرے گی بلکہ ان کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے گی۔

latest urdu news

وزیرِ مملکت نے مزید کہا کہ وزارتِ داخلہ نے یومِ استحصالِ کشمیر اور پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے تناظر میں چاروں صوبوں کے ساتھ مشاورت کی ہے اور تمام انتظامیہ کو ہدایت دی گئی تھی کہ مظاہرین سے رابطہ کر کے احتجاج کے مقام کی معلومات حاصل کی جائیں۔ تاہم، کسی جانب سے باقاعدہ رابطہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو میڈیا سے رات دس بجے پتا چلتا ہے کہ کہاں اکٹھا ہونا ہے اور کہاں سے جلوس نکالنا ہے، ایسا طرزِ عمل ناقابلِ قبول ہے۔

طلال چوہدری نے واضح کیا کہ کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اچانک مجمع جمع کر کے اڈیالہ جیل یا کسی اور حساس مقام پر چڑھائی کرے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن ہمیشہ ان ایّام میں احتجاج کا اعلان کرتی ہے جب ملک کسی اہم قومی معاملے سے گزر رہا ہوتا ہے، جس سے ان کے عزائم پر سوال اٹھتے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ کا محمود اچکزئی کو جواب: میری تربیت نہیں کہ بڑوں کی بات کا جواب دوں

انہوں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ سیکیورٹی فورسز کا نہیں بلکہ وہاں کی سیاسی قیادت کی کمزوری اور غیرذمے داری کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کو اب اپنی ذمہ داریاں سمجھنی ہوں گی کیونکہ ان کی کوتاہیوں کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے، اور ریاست مزید ایسی صورتِ حال برداشت نہیں کرے گی۔

وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ باجوڑ یا دیگر علاقوں میں کسی قسم کا نیا آپریشن شروع نہیں کیا گیا، تاہم اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ریاست اپنی رٹ ہر قیمت پر قائم کرے گی۔ انہوں نے اپیل کی کہ تمام سیاسی قوتیں سنجیدگی سے قومی مفادات کو مقدم رکھیں اور اپنی ذمے داری کو پہچانیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter