فیصل آباد میں طلال چودھری نے کہا، اسپیکر خیبرپختونخوا نے عدالتی حکم نظرانداز کرتے ہوئے ارکان کو حلف لینے سے روکا
فیصل آباد: وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے الزام عائد کیا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر نے ایک منظم سازش کے تحت منتخب ارکان کو حلف لینے سے روکا اور عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی کی۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج خیبرپختونخوا حکومت اور اسپیکر نے عدالتی حکم کو ہوا میں اڑا دیا۔
اسمبلی اجلاس میں کورم نہ ہونے کا بہانہ جان بوجھ کر تراشا گیا تاکہ ارکان کی حلف برداری مؤخر کی جا سکے۔ ان کے مطابق، یہ سب ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا تاکہ سینیٹ کے الیکشن کو سبوتاژ کیا جائے۔
طلال چودھری نے کہا کہ سینیٹ کو مکمل ہونے سے روکنا ایک سنگین آئینی جرم ہے، جو خیبرپختونخوا میں دہرایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر طلال چودھری نے پنجاب میں حالیہ بارشوں کے دوران فیصل آباد اور جڑانوالہ میں انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متحرک رہی اور شہریوں کو جانی و مالی نقصان سے بچایا گیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ دولت مند افراد کو پارٹی میں شامل کیا اور ان کے ذریعے سودے بازی کی۔ یہی طریقہ کار خیبرپختونخوا میں دہرا کر نشستیں بیچی گئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوہستان میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے، اور اس کے تمام فائدہ اٹھانے والے ان ہی کے لوگ ہیں۔