سویڈش حکومت نے اسلام آباد میں ویزا سروسز دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا، پاکستانی شہری اب شینگن ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے
سٹاک ہوم: پاکستان کے سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی سامنے آ گئی ہے۔ سویڈش حکومت نے اسلام آباد میں تعطل کا شکار ویزا سروسز کو دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے سے پاکستانی شہریوں کو سویڈن کے مختصر دوروں کے لیے شینگن ویزا حاصل کرنے میں آسانی میسر آئے گی۔
سویڈش وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں سویڈن کے ویزا آپریشن کی بحالی کا فیصلہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان حالیہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت آج سے پاکستانی شہری 90 دن تک کے قیام کے لیے شینگن ویزا کی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور سویڈن کے درمیان باہمی تعلقات میں بہتری اور سفارتی تعاون کی مضبوطی کی علامت ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور روابط کے فروغ کا مظہر ہے۔
واضح رہے کہ سٹاک ہوم میں ہونے والی دوطرفہ مشاورت میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) نے کی جبکہ سویڈن کی جانب سے وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے عالمی امور شریک ہوئے۔ مشاورت میں مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے اور ویزا سہولتوں کی بحالی پر بھی غور کیا گیا۔
یاد رہے کہ سویڈن نے ماضی میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسلام آباد میں ویزا سروسز معطل کر دی تھیں، تاہم اب یہ بحالی پاکستانی عوام کے لیے یورپ میں سفر و سیاحت کے نئے دروازے کھولنے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔