بولان، آلٹو اور مہران کے بعد سوزوکی کمپنی کی ایک اور گاڑی کے بند ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی مقبول منی وین سوزوکی ایوری (Suzuki Every) کے VX ویریئنٹ کو مبینہ طور پر بند کر دیا ہے۔
تاہم کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق سوزوکی نے ایوری VX ویریئنٹ کو خاموشی سے اپنی مقامی لائن اپ سے ہٹا دیا ہے۔
تصدیق کے مطابق کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ سے ایوری VX کا نام اور قیمت حذف کر دی گئی ہے، جہاں اب صرف Every VXR ویریئنٹ ہی موجود ہے۔ کچھ عرصہ پہلے تک دونوں ماڈلز ویب سائٹ پر دستیاب تھے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی نے خریداروں کو متوجہ کرنے کے لیے ایوری VXR پر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کی رعایت کا اعلان کیا تھا، تاہم اس پیشکش میں VX ماڈل کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا جس سے اس کے خاتمے کی قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
سوزوکی کی نئی آلٹو صرف 18,999 ماہانہ قسط پر، پرانی گاڑی کے بدلے
ماہرین کا کہنا ہے کہ VX ویریئنٹ کو ممکنہ طور پر کم طلب اور محدود مارکیٹ ڈیمانڈ کے باعث بند کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سوزوکی ایوری کو اکتوبر 2024 میں پاکستان میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ طویل عرصے تک مقبول رہنے والی سوزوکی بولان کی جگہ لی جا سکے۔ کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ ایوری ایک جدید، محفوظ اور آرام دہ متبادل ہے جو کمرشل اور فیملی استعمال دونوں کے لیے موزوں ہے۔
