10
اسلام آباد میں سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت دائر شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کی۔ اجلاس میں سپریم جوڈیشل کونسل کے دیگر اراکین بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران اعلیٰ عدلیہ کے ججوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر غور کیا گیا، جب کہ اعلیٰ عدلیہ کے کوڈ آف کنڈکٹ کے حوالے سے بھی اہم معاملات زیرِ بحث آئے۔
ذرائع کے مطابق شکایات کے بعض پہلوؤں پر ابتدائی جانچ کے بعد مزید کارروائی کے لیے سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں۔ تاہم، سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے کسی باضابطہ اعلامیے یا فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔