سپریم کورٹ کیس کی اہم دستاویزات چوری، فریقین کو نئی درخواست جمع کرانے کی ہدایت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی رجسٹری سے اسلام آباد بھیجی جانے والی عدالتی فائل کوریئر گاڑی سے دورانِ سفر غائب، سپریم کورٹ میں تشویش کی لہر

اسلام آباد: سپریم کورٹ سے متعلق ایک اہم کیس کی عدالتی دستاویزات دورانِ سفر چوری ہو گئیں، جس پر عدالت کے کورٹ ایسوسی ایٹ نے فریقین کو فوری طور پر مطلع کرتے ہوئے نئی درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق یہ حساس نوعیت کی دستاویزات کراچی رجسٹری سے سپریم کورٹ اسلام آباد بھیجی جا رہی تھیں کہ راستے میں استعمال ہونے والی کوریئر سروس کی گاڑی چوری ہو گئی۔ واقعے کے بعد کورٹ ایسوسی ایٹ نے دونوں فریقین کو باضابطہ اطلاع دی کہ اصل دستاویزات ضائع ہو چکی ہیں، لہٰذا فوری طور پر متبادل یا دوبارہ درخواستیں عدالت میں جمع کرائی جائیں۔

یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب عدالت میں جاری کیس کی سماعت کے دوران متعلقہ دستاویزات کی عدم دستیابی پر وضاحت طلب کی گئی، جس پر کوریئر سروس سے متعلق چوری کی اطلاع دی گئی۔ دستاویزات کی گمشدگی پر سپریم کورٹ کے متعلقہ حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ کوریئر کمپنی کی سیکیورٹی اور اعتبار پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ماضی میں بھی عدالتی یا سرکاری دستاویزات کی ترسیل کے دوران سیکیورٹی انتظامات پر اعتراضات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم سپریم کورٹ جیسے اعلیٰ عدالتی ادارے سے منسلک حساس مواد کا یوں غائب ہو جانا ایک غیر معمولی واقعہ تصور کیا جا رہا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ کی انتظامیہ اس واقعے پر الگ سے قانونی کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter