ڈی جی آئی ایس پی آر کا جناح یونیورسٹی برائے خواتین کا دورہ، آپریشن "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” میں نوجوانوں کے کردار کو سراہا۔
کراچی — ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ آپریشن "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” میں پاکستانی عوام، خصوصاً نوجوان طلبا و طالبات نے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا اور دشمن کے اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا۔ انہوں نے یہ بات جناح یونیورسٹی برائے خواتین، کراچی کے دورے کے دوران کہی۔
یونیورسٹی آمد پر جنرل احمد شریف کا پُرجوش استقبال کیا گیا، جہاں انتظامیہ اور طالبات نے ان کا خیر مقدم کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاک فوج کی حکمتِ عملی، آپریشن کے مختلف مراحل، اور اس میں شامل افواج کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کا حوصلہ، اتحاد اور یکجہتی دشمن کے تمام حربے ناکام بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے پر پاکستان کی پوزیشن اٹل ہے۔ بلوچستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام پاکستان سے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، اور بھارت کے مٹھی بھر دہشت گرد ان رشتوں کو کبھی کمزور نہیں کر سکتے۔
اس موقع پر طالبات اور یونیورسٹی انتظامیہ نے پاک فوج کو آپریشن میں کامیابی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ طالبات نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج ہم سے ہیں، یہ رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔” انہوں نے اس نوعیت کے مزید سیشنز کی خواہش بھی ظاہر کی تاکہ وہ قومی دفاع کے مختلف پہلوؤں سے بہتر طور پر واقف ہو سکیں۔
یاد رہے کہ آپریشن "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” ایک سیکیورٹی اور اسٹریٹجک نوعیت کا اہم آپریشن تھا، جس کے ذریعے پاکستان نے بیرونی خطرات اور دشمن کے ناپاک عزائم کو مؤثر حکمتِ عملی سے ناکام بنایا۔ اس آپریشن میں عوام، خصوصاً نوجوانوں کی سوشل میڈیا اور فکری محاذ پر شرکت نے قومی دفاع کو نئی جہت عطا کی۔